19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:36
امریکا: پاکستان کیلئے امداد پر کڑی شرائط عائد کرنے کا بل پیش
آج نیوز - امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی نے پاکستان پر امریکی امداد کے حصول کیلئے کڑی شرائط عائد کرنے کا بل پیش کردیا۔ بل کے مطابق وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کو کانگریس کو سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا کہ پاکستان اسامہ بن لادن کیلئے سرکاری یا نجی سپورٹ نیٹ ورک کی موجودگی کے بارے میں تحقیقات، اسامہ کے رشتہ داروں اور ایبٹ آباد کمپاوٴنڈ تک براہ راست رسائی میں امریکہ سے مکمل تعاون کررہا ہے۔ یہ بل صدر براک اوباما کے اختیارات کیلئے براہ راست چیلنج ہے۔ بل پر ایوان نمائندگان میں آج بحث ہوگی۔ بل میں پاکستان کے علاوہ مصر، لبنان اور فلسطینی اتھارٹی کی امداد پر بھی شرائط عائد کرنے کی تجویز ہے۔ فلسطینی اتھارٹی امریکی امداد کے حصول کیلئے اس بات کی پابند ہوگی کہ حماس یا کسی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا نمائندہ پالیسی ساز عہدے پر کام نہ کرے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باعث بل کی بہت سی شقیں مسترد کی جا سکتی ہیں۔