20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:40
بلوچستان: اغواء کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ
آج نیوز - بلوچستان میں اغواء کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ سے اب تک دو غیرملکیوں سمیت انیس افراد کو اغواء کیا جا چکا ہے۔ چندروز قبل سورینج کے علاقے سے پی ایم ڈی سی کے پروجیکٹ منیجر مختار جونیجو سمیت پانچ افراد کو اغواء کر لیا گیا، پولیس نے مغویوں کی بازیابی کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کیا لیکن اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ اس سے پہلے پشین میں غیرملکی این جی او کے آٹھ اہلکار اغوا کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق غیر ملکی این جی او کے افراد کو سرخاب کے علاقے سے اغوا کیا گیا۔ گزشتہ ماہ نامعلوم افراد نے سوئٹزر لینڈ کے دو باشندوں کو لورا لائی کے علاقے سے اغواء کیا تھا جنہیں تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پانچ مقامی افراد کو بھی اغواء کیا چکا ہے۔ اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی انتظامیہ اور پولیس ناکام نظر آتی ہے اور اب تک اغوا کاروں کے خلاف کوئی خاص کارروائی نہیں کی گئی۔