20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:12
رواں سال حکومت نے 29 کھرب روپے قرض لیا
آج نیوز - مالی سال دو ہزار گیارہ میں حکومت نے بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے انتیس کھرب روپے قرضہ حاصل کیا۔ جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تینتیس فیصد زائد ہے۔ حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں سبسڈیز اور بڑھتے ہوئے جاری اخراجات کی وجہ سے حکومتی قرضوں میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے مسلسل تنبیہ کے باوجود حکومت مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بینکاری نظام سے بڑے پیمانے پر قرضہ لے رہی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال دو ہزار گیارہ کے دوران حکومتی قرضوں میں سات کھرب چودہ ارب روپے اضافہ ہوا۔ جبکہ بجٹ سپورٹ کے لئیے حکومتی قرضوں کا حجم انتیس کھرب تین ارب روپے تک پہنچ گیا۔ جو گزشتہ سال اکیس کھرب اٹھاسی ارب روپے تھا۔ اس دوران مرکزی بینک کے مقابلے شیڈولڈ بینکوں سے قرضوں کے حصول میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی قرضوں میں سے حکومت نے مرکزی بینک سے بارہ کھرب انتالیس ارب روپے جبکہ شیڈولڈ بینکوں سے سولہ کھرب تریسٹھ ارب روپے قرضہ حاصل کیا۔