21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 1:44
ملک نازک دور سے گزر رہاہے ،الطاف حسین
آج نیوز - ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کہتے ہیں ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کریں۔الطاف حسین کشمیری مہاجرین کی دو نشستوں پر ایم کیو ایم کے امیدواروں کی کامیابی پر نائن زیرو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دو نشستوں سے دستبردار ہوکر خیر سگالی کا ثبوت دیا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گذررہا ہے، عوام کو بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہر جائز کام میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ امید ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایم کیو ایم کا خیر مقدم کریں گی، مسلم لیگ نون والے ماضی کو بھول جائیں۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک آئی ایس آئی اور فوج کو توڑنا چاہتے ہیں، خفیہ ایجنسی اور فوج پر ایسی تنقید نہ کی جائے جس سے دشمن فائدہ اٹھائے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ماضی کی تلخیاں بھلاکر مسئلہ کشمیر حل کریں۔