21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:34
امریکی کانگریس: پاکستان کی فوجی امداد مشروط کرنے کے بل پر بحث مکمل
آج نیوز - پاکستان کیلئے فوجی امداد مشروط کرنے کے بل پر ایوان نمائندگان میں بحث مکمل۔ کانگریس رکن کا کہنا ہے نیوکلیئر بلیک مارکیٹ اور دہشت گردی کے خاتمہ میں پاکستان کو تعاون کرنا ہوگا۔ امریکی کانگریس میں پاکستان سمیت چار اسلامی ملکوں اور فلسطینی اتھارٹی کی امداد مشروط کرنے کا بل پیش کردیا گیا۔ ایوان نمائندگان کی خارجہ کمیٹی کی چیئرپرسن کا کہنا ہے نیوکلئر بلیک مارکیٹ اور دہشت گردی کے خاتمہ میں پاکستان کو تعاون کرنا ہوگا۔ بل کے مطابق امداد کے لئے اوباما انتظامیہ کو کانگریس کو یقین دہانی کرانا ہوگی کہ متعلقہ ممالک دہشت گردی کے خلاف امریکا سے تعاون کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ ہلری کلنٹن یقین دہانی کرائیں گی پاکستان دہشت گردوں کا تعاقب کررہا ہے اور اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کی تحقیقات میں تعاون کررہا ہے۔ ایوان نمائندگان سے اس بل کی منظوری کا امکان ہے لیکن سینٹ میں اسے منظور کرانا مشکل نظر آ رہا ہے۔ امریکا میں گذشتہ عشرہ کے دوران کانگریس نے کبھی اس طرح کا بل منظور نہیں کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کی ریپبلکن چیئر پرسن کا کہنا ہے اس بل کا مقصد پاکستان کو نوٹس دینا ہے اور بتانا ہے نیوکلئر بلیک مارکیٹ،القاعدہ کے باقیات ختم کرنے میں تعاون نہ کیا تو امداد رک سکتی ہے۔