21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:44
تیل اور اشیائے خورو نوش کا درآمدی بل ملکی تاریخ کی بلند سطح پر
آج نیوز - بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے باعث مالی سال دوہزار گیارہ کے دوران تیل اور اشیائے خورو نوش کا درآمدی بل ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں جاری بیشتر بحرانوں کی طرح تجارتی عدم توازن کی وجہ سے مالی سال دو ہزار دس گیارہ میں تیل اور اشیائے خورونوش کے درآمدی بل میں ساڑھے تئیس فیصد اضافہ ہوا۔ اور یہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح بیس ارب چھبیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ جس میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل بیس فیصد بڑھ کر بارہ ارب آٹھ کروڑ روپے، اشیائے خورونوش بیالیس فیصد اضافے سے پانچ ارب آٹھ کروڑ روپے اور خوردنی تیل کا درآمدی بل تریپن فیصد اضافے سے دو ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اس طرح تیل کے بعد سب سے زیادہ ذرمبادلہ اشیائے خورونوش کی درآمد پرخرچ ہوا۔ جس کی وجہ گزشتہ سال سیلاب کے باعث کھڑی فصلیں تباہ ہونے سے مقامی پیداوار میں کمی ہے۔