24 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:28
کامران اکمل قومی ٹیم میں واپسی کیلئے سخت محنت میں مصروف
آج نیوز - ماضی کے بال پکر کامران اکمل کو کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ اور شوق نے کرکٹر بناڈالا۔خراب کارکردگی پر ڈراپ ہونے کے باوجود دوبارہ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے سخت محنت میں مصروف ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انیس سو ستانوے میں روائتی حریف پاک بھارت ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچ میں کامران اکمل بال پکر تھا۔اس میچ کی خاص بات اعجاز احمد کی دھواں دھار بیٹنگ تھی۔ جنہوں نے نو چھکے لگا کر اپنی سنچری اسکور کی اور چھکا لگا کر ہی پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ یہ چھکا باؤنڈری کے باہر گرا اور بال پکر کامران اکمل نے اس گیند کو اپنے پاس محفوظ کرلیا جسے وہ موٹیویشن کے طور پر استعمال کرکے خود کرکٹر بن گئے۔ بھارتی باؤلرز کی درگت بنانے والے ماضی کے بلے باز اعجاز احمد کے میچ وننگ چھکے نے ایک بال پکر کی قسمت بدل دی۔اعجاز احمد اس لڑکے کے بارے میں معلوم ہونے پر حیران رہ گئے۔ کامران اکمل کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف اپنے آئیڈیل کی اننگز کھیلنے کا موقع ملا،مگر وہ پاکستان کو فتح نہ دلواسکے جس کے بعد سے وہ قومی ٹیم سے ڈراپ ہیں۔ کامران اکمل ہمت نہیں ہارے اور مسلسل محنت کر رہے ہیں تاکہ ایک بار پھر قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اعجاز احمد کی طرح اننگ کھیل کر پاکستان کی فتوحات میں کردار ادا کرسکیں۔