24 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:44
کراچی اسٹاک: اس ہفتے کاروباری سرگرمیاں تیز رہیں
آج نیوز - کراچی اسٹاک مارکیٹ میں اس ہفتے کاروباری سرگرمیاں تیز رہیں۔ تاہم انڈیکس میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی ، اور خاص طور پر کراچی میں بد امنی اور سیایسی فضا گرم ہونے سے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ تاہم بعد میں سیایسی سطح پر بہتری اور کمپنیوں کی جانب سے اچھے مالی نتائج کی توقعات اور ملکی معیشت کے حوالے سے اعدادو شمار پر مقامی سرمایہ کاروں کی کاروبار میں دلچسپی آئی۔ اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی دیکھی گئی۔ اور انڈیکس بھی انٹرا ڈے ٹریڈنگ میں بارہ ہزار پانچ سو کی سطح سے اوپر پہنچ گیا۔ تاہم مارکیٹ کی سطح برقرار نہ رکھ سکی۔ ساتھ ہی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر آؤٹ فلو کا سلسلہ جاری رہا۔ اس طرح ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس ایک سو تیس پوائنتس بڑھ کر بارہ ہزار چار سو ستتر پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے اوسط یومیہ کاروباری حجم میں ایک سو اننچاس فیصد اضافے سے ساڑھے آٹھ کروڑ شیئرز رہا۔ ساتھ ہی مارکیت کا مجموعی سرمایہ سینتیس ارب تریسٹھ کرور ڈالر سے بڑھ کر سینتیس ارب ستانوے کروڑ ڈالرز پر آگیا۔ اس ہفتے آئل اینڈ گیس بینکنگ اور کیمیکل سیکٹر میں کارتوباری سرگرمیاں نمایاں رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے حوالے سے بہتر اعدادوشمار کے ساتھ ساتھ آئیندہ ہفتے بلیو چپ کمپنیوں کی جانب سے اچھے مالی نتائج کے باعث مارکیٹ میں بہتر کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ مثبت سینٹی مینٹ برقرار رہے گا۔