24 جولائی 2011
وقت اشاعت: 12:16
ناروے: بانوے افراد کے قاتل کی کل عدالت میں پیشی کا امکان
آج نیوز - ناروے میں بم دھماکے اور فائرنگ کر کے بانوے افراد کو موت کی وادی میں پہنچانے والے ملزم کو کل عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ واقعے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے اوسلو میں دیئے روشن کئے گئے۔ ناروے میں بم دھماکے اور یوٹویا جزیرے پر اندھا دھند فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد بانوے ہوگئی۔ لاپتہ افراد کی تلاش اب تک جاری ہے۔ ملزم آندرے بہرنگ بریوک کے وکیل کا کہنا ہے ان کے موکل نے اپنا موقف عدالت میں پیش کرنے کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے۔ اسے کل عدالت میں پیش کیا جاسکتا ہے۔ وکیل کے مطابق ملزم کا خیال ہے اس کا فعل ظالمانہ لیکن ضروری تھا۔ گزشتہ روز گرفتار کئے گئے مشتبہ شخص کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے وہ بہرنگ بریوک کا ساتھی ہوسکتا ہے۔ اب تک کی تفتیش کے مطابق بہرنگ بریوک کا تعلق فری میسن سیکریٹ سوسائٹی سے ہے۔ اوروہ کثیر الثقافت معاشرت اور ایمیگریشن کے خلاف ہے۔ اْدھر بانوے افراد کی یاد میں اوسلو میں دیئے روشن کئے گئے۔ تقریب میں شریک افراد نے یادگار پر پھول رکھے اور کچھ دیر خاموش کھڑے رہے۔