25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:50
دو ہزارواں ٹیسٹ: انگلینڈ کو جیت کیلئے 9 وکٹیں درکار
آج نیوز - دو ہزارویں ٹیسٹ کے آخری روز بھارت کو فتح کیلئے مزید تین سو اٹھتر رنز بنانے ہوں گے جبکہ انگلینڈ کو نو وکٹیں درکار ہیں۔ لارڈز میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے دوسری نامکمل اننگز پانچ رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو تئیس کے مجموعی اسکور پر الیسٹر کک آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اینڈریو اسٹراس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھر سکے اور بتیس رنز بناکر ہربھجن کی گیند پر ایل بی ڈبلو ہوگئے۔ پیٹرسن ایک اور این بیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ جونتھن ٹراٹ بائیس اور اوئن مورگن انیس رنز بناکرایشانت شرما کا شکار بنے۔ جس کے بعد مائٹ پرائر اور اسٹورٹ براڈ نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز دو سو انہتر رنز چھ کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلئیر کرکے بھارت کو کامیابی کے لئے چار سو اٹھاون رنز کا ہدف دیا۔ پرائر اور براڈ نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ایک سو باسٹھ رنز کا اضافہ کیا۔ پرائر نے ناٹ آوٹ ایک سو تین اور براڈ نے چوہتر رنز بنائے۔ ایشانت شرما نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو ابھیناوو موکوند بارہ رنز بنا کر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بھارت نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر اسی رنز بنائے ہیں اور کامیابی کے لئے مزید تین سو اٹھتر رنز درکار ہیں۔ راہول ڈریوڈ چونتیس اور لکشمن بتیس رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔