25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:17
حج کرپشن کیس: سابق تفتیشی ٹیم کو بحال کرنے کا حکم
آج نیوز - سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں سابق تفتیشی ٹیم کو بحال کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے، سیکرٹری داخلہ اور سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو کل طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ حاجیوں کو لوٹا گیا، حکومت پھر بھی ملوث افراد کو بچانا چاہتی ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں چھ رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے تحسین شاہ کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر پیش ہونے کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیس میں جب بھی پیش رفت ہوتی ہے تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا جاتا ہے، حاجیوں کو لوٹا گیا ہے لیکن حکومت پھر بھی ملوث افراد کو بچانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے چار ہفتوں میں کارروائی کا حکم دیا تھا لیکن دو ماہ گزر گئے ہیں اور ابھی تک کچھ نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حج اسکینڈل میں کئی وزراء کے نام ہیں اس لیے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس نے تفتیشی افسر جاوید بخاری کی جانب سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیوں نہ سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ رؤف چوہدری کو جیل بھیج دیں۔ عدالت نے حج کرپشن کیس کی سابق تفتیشی ٹیم کی بحالی کا حکم دیتے ہوئے آج ہی نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے،سیکرٹری داخلہ اور سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔