25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:26
پی پی کی حکومت میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پانچویں مرتبہ پابندی
آج نیوز - پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پانچویں مرتبہ پابندی عائد کردی ہے۔ موجودہ حکومت میں کراچی میں پہلی بار نومبر دو ہزارآٹھ میں ڈبل سواری پرپابندی عائد کی گئی جو طویل عرصے تک جاری رہی۔ اس طوالت نے موٹر سائیکل سوار یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ موٹرسائیکل شاید ایک ہی فرد کی سواری ہے۔ تاہم حکومت سندھ اور خصوصا اس وقت کے وزیرداخلہ ذوالفقارمرزا کوعوام پرتقریباً دو سال بعد رحم آہی گیا اور حکومت نے سولہ اکتوبر دو ہزار دس کو پابندی اٹھا لی۔ مگرعوام کی خوشی کچھ زیادہ عرصہ نہ رہی اور صرف دو روز بعد یعنی اٹھارہ اکتوبر کو دوسری مرتبہ دفعہ ایک سو چوالیس کی تلوار عوام پرگرادی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے سترہ دسمبر دو ہزار دس کو ایک بار پھر پانبدی اٹھائی مگر ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد واقعات کو جواز بناتے ہوئے ایک ماہ بعد سترہ جنوری دو ہزارگیارہ کو تیسری بار ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ کچھ ہی روز بعد دو فروری کو پابندی اٹھا لی گئی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے چھ جولائی کو چوتھی مرتبہ عوام کو ڈبل سواری کے حق سے محروم کردیا۔ پندرہ جولائی کو یہ پابندی ختم کی گئی۔ مگر گزشتہ شب ایک بار پھروزارت داخلہ نے ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی۔