25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:6
ریلوے کی نجکاری کی تجویز کیخلاف آئینی درخواست پر جواب طلب
آج نیوز - سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان ریلوے کی نجکاری کی تجویز کے خلاف آئینی درخواست پر وفاقی حکومت، پاکستان ریلوے، حکومت سندھ سمیت دیگر مدعا علہیان سے دس اگست تک جواب طلب کرلیا۔ حاجی گل کی دائر درخواست پر جسٹس گلزار احمد اور جسٹس محمد تسنیم پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کی جانے والی آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں پانچ ارب روپے کا خسارہ دکھایا گیا ہے۔ کرپشن چھپانے کیلئے اس قومی ادارے کو نجکاری کی طرف دھکیلا جارہا ہے، اور اسے بھی کوڑیوں کے دام فروخت کردیا جائیگا۔ کے ای ایس سی اور دیگر قومی اداروں کی نجکاری کے بعد جس طرح عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے اسی طرح عوام ٹرینوں کے سفر سے محروم ہوجائینگے۔ درخواست گزار نے کہا کہ ایک سو اٹھارہ ایسے افسران ہیں جو ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اور غیر قانونی طریقے سے انکی ملازمتوں میں ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر کی گئی بھرتیاں ختم کی جائیں ریٹائرڈ ملازمین فارغ اور قومی ادارے کی مجوزہ نجکاری کو روکا جائے۔