تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:22

موسلادھار بارش، راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے

آج نیوز - راولپنڈی اسلام آباد اور گردو نواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف واقعات میں پانچ بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے، نالہ لئی اور راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے۔ جڑواں شہروں اور گردو نواح میں صبح سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ سہالہ کی حدود میں واقع گاوٴں بنگڑیال میں بارش کے دوران کچے مکان کی چھت گرنے سے پانچ بچے جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بچوں کا والد الطاف بغیر بتائے لاشیں لے کر اپنے آبائی علاقے کشمیر روانہ ہو گیا ہے، مسلسل بارش کی وجہ سے راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوتی جا رہی ہے، گنج منڈی کے علاقے میں بائیس سالہ نوجوان زین اللہ نالہ لئی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ متوفی کی لاش پانی کے ریلے میں بہہ گئی تھی جو بعد میں جھنڈا چیچی کے قریب سے ملی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح چودہ فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر سات فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ نالہ لئی کے لنک نالوں میں طغیانی کے باعث ڈھوک الٰہی بخش میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ متاثرہ علاقے سے لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے نکالنے کا کام جاری ہے۔ ادھر راول ڈیم میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے۔ شدید بارش کے باعث جڑواں شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے کئی علاقوں میں ٹریفک جام رہا، جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.