11 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:3
اے این پی اور سنی تحریک نے قوم پرستوں کی ہڑتال کی حمایت کردی
آج نیوز - اے این پی اور سنی تحریک نے تیرہ اگست کو قوم پرست جماعتوں کی حمایت کا اعلان کردیا ، شاہی سید نے کہا ہے کہ کمشنری نظام ختم کرکے صوبائی خودمختاری پر ڈرون حملہ کیا گیا۔مردان ہاؤس کراچی میں پارٹی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں شاہی سید نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شاہی سید کا کہنا تھا کہ لگتا ہے پیپلزپارٹی بھی ہڑتال سے خوش ہے لیکن مجبوری کے باعث ہڑتال میں حصہ نہیں لے رہی۔شاہی سید نے کہا کہ عوام تیرہ اگست کو پرامن ہڑتال میں حصہ لے کر سندھ دھرتی پر رہنے کا حق ادا کریں۔ دوسری طرف قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں نے سنی تحریک کے رہنماؤں سے کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقعے پر شکیل قادری نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نظام کوئی بھی ہواس کا فائدہ عوام کو ہوناچاہئے۔حکومت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک میز پر بٹھا کر کسی ایک نظام کے نفاذ کیلئے اقدامات کرے۔ جلال محمود شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں کمشنری نظام کا خاتمہ صوبے کیخلاف سازش ہے۔