20 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:23
رحمان ملک نے سینیٹ کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے
آج نیوز - وزیراعظم کے سینیئر مشیر برائے داخلہ امور رحمان ملک نے سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ کی خالی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ رحمان ملک کا کہنا ہے سرٹیفیکیٹ جمع کرانے کے باوجود کسی کو اب بھی ان کے پاکستانی ہونے پر شبہ ہے تو وہ عدالت یا الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔سینیئر مشیر داخلہ رحمان ملک آج صبح الیکشن کمیشن آفس سندھ پہنچے جہاں انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی اور دوہری شہریت ختم کرنے کا سرٹیفیکیٹ الیکشن کمشنر سونوخان بلوچ کو پیش کئے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر آئی ٹی سندھ رضا ہارون، وزیرصحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ رحمان ملک نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر مشروط حمایت پر الطاف حسین کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا اور پارٹی کا ساتھ دیا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ نوازشریف کی وجہ سے دیا تھا اور اب وہ الزام صاف ہوچکا ہے اس لیے انہوں نے دوبارہ کاغذات جمع کرائے ہیں۔