22 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:12
کراچی :فائرنگ ،ہلاکتیں دس ہوگئیں
آج نیوز - کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں دو گروہوں میں تصادم کے دوران تین افراد کی ہلاکت کے بعد شہر میں قتل ہونے والے افراد کی تعداد دس ہوگئی۔ جس کے بعد رواں ماہ شہر میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چھپن تک جاپہنچی ہے۔کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ آلاصف اسکوائر میں بھتہ بنام چندہ وصول کرنے پر مارکیٹ کمیٹی اور تاجروں میں تصادم ہوا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ایک مشتعل شخص نے پولیس اہلکار سے اسلحہ چھین کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ جنہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں زخمی اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔ تین افراد کی ہلاکت کے بعد آلاصف اسکوائر کے تاجر سراپا احتجاج بن گئے۔ متاثرین نے تھانہ سہراب گوٹھ آلاصف اسکوائر پولیس چوکی کا گھیراوٴ کیا اور ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی گڈاپ کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے آلاصف اسکوائر میں کارروائی کی کوشش کی تاہم نامعلوم مسلح افراد نے مورچہ بند ہوکر پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس مورچہ بند افراد کا مقابلہ نہیں کرسکی اوربھاگ نکلی۔ پولیس کارروائی کے دوران ایس ایچ او سہراب گوٹھ سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں موت کا رقص جاری رہا۔ اس دوران سات افراد قتل کر دیئے گئے۔ گلستان جوہر میں ایک شخص نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ لیاری سے بائیس سالہ لڑکی اریبہ کی لاش ملی۔ لانڈھی نمبر چھ میں لیاقت نامی شخص فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ قائد آباد میں ظفر اقبال نامی شخص موت کی نیند سلادیا گیا۔ بلدیہ داود گوٹھ سے چوبیس سالہ لڑکی کی لاش ملی۔ اس سے قبل پاک کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کا زخمی پولیس اہلکار اسپتال میں دم توڑ گیا۔ رات گئے نیوکراچی سیکٹر الیون ایف میں نامعلوم مسلح افراد نے راہ چلتے دو افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سیاسی تنظیم کا کارکن شعیب قادری جاں بحق اور اسحاق نامی شخص زخمی ہو گیا۔