22 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:23
ایساف پاکستان پر سرحد پار حملے روکنے پر مشروط طور پر آمادہ
آج نیوز - افغانستان میں ایساف کے کمانڈر امریکی جنرل جان ایلن کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کیخلاف آپریشن کرے تو اس کیخلاف سرحد پار حملے روکنے میں مدد دینے کو تیار ہیں۔کابل میں ایک انٹرویو کے دوران جنرل جان ایلن نے کہا کہ ایساف نے پاکستان سے ملحقہ افغان سرحد پر سیکورٹی سخت کر رکھی ہے اور دو ہزار نو کی طرح طالبان کو فرار ہونے کا موقع نہیں ملے گا۔ امریکی جنرل نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی تفصیلات پر بات کرنے سے معذرت کی۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کردیا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو طیاروں کا حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ جان ایلن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یہ تاثر پایا جانا کہ واقعہ امریکی فوج کا پاک فوج پر سوچا سمجھا حملہ تھا بالکل غلط ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک سانحہ قرار دیا۔ جان ایلن نے دعویٰ کیا کہ پاک فوج کے افغانستان میں نیٹو افواج کیساتھ انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں۔