24 جولائی 2012
وقت اشاعت: 10:37
لاہور: جعلی پاسپورٹ اورویزا اسکینڈل منظرعام پرآ گیا
آج نیوز - پاکستان میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اب جعلی پاسپورٹ اورویزا اسکینڈل منظرعام پرآ گیا۔ دس لاکھ چھتیس ہزار روپے خرچ کرنے پر اولمپکس دستے کا حصہ بھی بنا جاسکتا ہے۔ برطانوی اخباردی سن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دستاویزات اور جعلی پاسپورٹ کا خرچ اٹھاسی ہزار روپے یا چھ سو پاؤنڈز آتا ہے۔ اخبار نے ویڈیو میں لاہورکے ایک سیاستدان عابد چوہدری کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ وہ سات ہزار پاؤنڈز یا دس لاکھ چھتیس ہزارروپے کے عوض کسی بھی شخص کودوماہ کے ویزے پر لندن اولمپکس میں پاکستانی دستے کا حصہ بناکربھیج سکتا ہے۔ اخبارنے عابد چوہدری کی خفیہ ویڈیو بنائی ہے جس میں اسے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ اولمپک ولیج میں ایتھلیٹس کی سپورٹ ٹیم کا حصہ بن کراولمپک ولیج میں داخل ہوا جاسکتا ہے۔ برطانوی اخباردی سن کے رپورٹر نے بھیس بدل کرپاکستان کا دورہ کیا جہاں اس نے بوبی نامی شخص سے ملاقات کی جس نے اس کا جعلی شناختی کارڈ اورپاسپورٹ بنوایا۔ بوبی نے رپورٹر کولاہورکے رہائشی عابد چوہدری سے ملوایا جس نے رپورٹر کوپاکستان کی جانب سے اولمپک دستے کا حصہ بن کر برطانوی ویزے کی پیشکش کی۔ اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد ایم آئی سکس ، برطانوی ہوم آفس، یو کے بارڈر ایجنسی اور برطانوی ہائی کمیشن نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔