24 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:26
پیسے دیں اور جعلی شناختی کارڈ و پاسپورٹ بنوائیں، رپورٹ
آج نیوز - پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر کے باہر موجود ایجنٹ مافیا نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے لیے ایک لاکھ بیس ہزار جبکہ بلیک لسٹ افراد کیلئے ڈیڑھ سے پانچ لاکھ روپے فیس مقرر کررکھی ہے۔ برطانوی اخبار میں لاہور کے جس نجی ٹریول ایجنٹ کے بارے میں انکشاف کیا گیا ہے اس کے مالکان اور ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ سب جھوٹ اور بے بنیاد ہے، اولمپک سے قبل پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے باہر موجود ایجنٹ مافیا کا کہناہے کہ پیسے دے کر یہاں سے جو مرضی کام کروالیں۔ ایک ایجنٹ رضوان نے بتایا کہ عام حالات میں جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے کے لیے ایک لاکھ بیس ہزار روپے جبکہ بلیک لسٹ افراد سے ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ برطانوی اخبار کے انکشاف کے بعد جب میڈیا اچانک نادرا کے آفس پہنچا تو وہاں پر موجود لوگوں نے کہا کہ ہر شناختی کارڈ کے عوض پانچ سو روپے رشوت وصول کی جاتی ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ جعلی پاسپورٹ مافیا پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ اعلیٰ سطحی تحقیقات کے بعد مافیا کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ ملک کیلئے رسوائی کا سبب بننے والوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔