تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:13

پاسپورٹ اسکینڈل: کابینہ کا برطانوی اخبار کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

آج نیوز - وفاقی کابینہ نے نیٹو سپلائی کی بحالی پر امریکہ سے تحریری معاہدے کی منظوری دے دی جبکہ پاسپورٹ اسکینڈل شائع کرنے والے برطانوی اخبار "دی سن" کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں بجلی بحران، پاسپورٹ اسکینڈل اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے استحکام اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ڈی جی پاسپورٹ اور چیئر مین نادرا نے کابینہ کو پاسپورٹ اسکینڈل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکینڈل میں نادرا کا ریکارڈ استعمال کرکے ٹمپرنگ کی گئی، اس معاملے میں کئی افسران سے محکمانہ پوچھ گچھ بھی کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اسکینڈل پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سے پاکستان کے بارے میں برا تاثر جا رہا ہے۔ کابینہ نے اس سلسلہ میں نگرانی کا جامع نظام بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے برطانوی اخبار "دی سن" کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کابینہ نے بلوچستان کی صورتحال پر وزیر دفاع نوید قمر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ مشیر داخلہ، وزیر قانون، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیر پوسٹل سروسز کمیٹی کے دیگر ممبران میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ایک بار پھر سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ کی شکایات دور کرنے کے احکامات دیئے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کنٹرول کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وفاقی کابینہ نے نیٹو سپلائی کی بحالی پر امریکہ کے ساتھ تحریری معاہدے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں صرف بلوچستان کے حوالے سے ایک نکاتی ایجنڈے پر غور ہو گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.