25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:58
پاسپورٹ اسکینڈل پاکستان کیخلاف سازش ہے، کائرہ
آج نیوز - وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پاسپورٹ اسکینڈل کا سختی سے نوٹس لیا ہے، اسکینڈل پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازش ہے، برطانوی اخبار کے خلاف قانونی چارہ جوئی ہو گی۔ اسلام آباد میں قمر زمان کائرہ نے چیئر مین نادرا طارق ملک کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ برطانوی اخبار کی شہرت بالکل اچھی نہیں ہے۔ کابینہ نے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کابینہ کو دورہ سعودی عرب اور افغانستان کے بارے میں بریفنگ دی، راجہ پرویز اشرف کی خادم الحرمین شریفین سے ملاقات بہت مثبت رہی ہے۔ وزیر اعظم نے دورہ کے دوران افغان امن و امان پر پاکستان کے مئوقف کو دہرایا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ افغانستان نے پاکستانی تاجروں کو ملٹی پل ویزا دینے پر اتفاق کیا ہے،پارلیمانی گائڈ لائن کے مطابق نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے وفاقی وزیر دفاع نوید قمر کی سربراہی میں بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پر پانچ رکنی کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا نے بتایا کہ محمد علی کی یہی تصویر برطانوی پاسپورٹ پر بھی ہے، محمد علی دوبارہ کارڈ بنوانے آیا تو سسٹم نے اسے پہچان لیا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانوی نظام بھی اسی تصویر کی بنیاد پر محمد علی کو نہیں پکڑ سکا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ پاکستان کے خلاف سازش ہے، دی سن اخبار کو پتہ ہونا چاہئے کہ نادرا پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔