26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:45
پنجاب: میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے پر 3 طلباء کی خودکشی
آج نیوز - لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے پر دو طالبات اور ایک طالبعلم نے خودکشی کرلی، جبکہ ایک طالبہ کو بچا لیا گیا۔ لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن کے رہائشی محنت کش عبدالغفار کی پندرہ سالہ بیٹی سکینہ میٹرک کی طالبہ تھی، بدھ کے روز اسے اپنا رزلٹ معلوم ہوا کہ وہ دو مضامین میں فیل ہے جس پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر گھر میں موجود زہریلی دوائی پی کر خودکشی کرلی۔ متوفیہ سات بہن بھائیوں میں چھٹے نمبر پر تھی۔ بعدازاں رات گئے اسے سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ متوفیہ کے والد کا کہناہے کہ اسکی بیٹی کی خواہش تھی کہ وہ ڈاکٹر بنے۔ گوجرانوالہ کے علاقے کنال ویو کے رہائشی زرغام نے میٹرک کے امتحان میں مسلسل دوسری بار ناکامی پرکمرے میں بند ہوکر پستول سے فائرکرکے خود کو زخمی کرلیا۔ اہل خانہ نے زرغام کوتشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ چل بسا۔ نوجوان طالب علم کے جاں بحق ہونے کی اطلاع جب گھرپہنچی تو کہرام مچ گیا۔ زرغام کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پرچوں کی غلط مارکنگ کررہا ہے۔ جھنگ کے نواحی موضع کریاوالا میں میٹرک کی دو طالبات نے فیل ہونے پر زہریلی گولیاں کھالیں، جن میں سے ایک طالبہ زینب دم توڑگئی،جبکہ دوسری طالبہ فاطمہ کو بچا لیا گیا۔