تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:29

لندن اولمپکس کا میلہ سج گیا، افتتاحی تقریب کل ہو گی

آج نیوز - کھیلوں کے شائقین دل تھام کربیٹھیں کیونکہ کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس کا کل سے لندن میں آغازہورہا ہے۔ دو سو چار ممالک کے دس ہزار سے زائد ایتھلیٹس میڈلز کے حصول کیلئے قسمت آزمائیں گے۔ برطانوی دارلحکومت لندن ، اولمپک کی ایک سوبیس سالہ تاریخ میں تیسری بار اولمپک گیمز کی میزبانی کرنے والا دنیا کا پہلا شہرہے۔ لندن کو اس سے قبل انیس سو آٹھ اورانیس سو اڑتالیس میں بھی اولمپکس کی میزبانی کا شرف حاصل ہوچکا ہے۔ لندن اولمپکس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کی تیاریاں عروج پرہیں۔ تقریب کے آرٹسٹک ڈائریکٹر آسکر ونر ڈینی بوائل ہیں جواپنے منفرد آئیڈیازکی بدولت بڑی شہرت رکھتے ہیں۔ افتتاحی تقریب اولمپک پارک میں تعمیر مرکزی اسٹیدیم میں ہوگی جس میں اسی ہزارتماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ایک سوبیس ممالک کے سربراہان مملکت بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق افتتاحی تقریب پر بیالیس ملین ڈالرز خرچ کئے جائیں گے۔ لندن اولمپکس میں دو سو چار ممالک کے دس ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ بارہ اگست تک جاری رہنے والے ایونٹ میں چھبیس کھیلوں کے تین سو دو ایونٹس ہوں گے۔ برطانوی حکومت نے گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہیں۔ ایتھلیٹس اور وینیوزکی حفاظت کیلئے اٹھارہ ہزار سے زائد فوجی اہلکارجبکہ ہزاروں پولیس اورپرائیوٹ گارڈزتعینات کئے گئے ہیں۔ پاکستان کا اڑتیس رکنی دستہ لندن اولمپکس کے ہاکی، سوئمنگ، ایتھلیٹکس اورشوٹنگ ایونٹس میں حصہ لے رہا ہے۔ پاکستان نے اولمپکس میں اپنا آخری میڈل انیس سوبانوے کے بارسلونا گیمزمیں جیتا تھا۔ ان گیمز میں ہاکی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.