26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:15
ملک ریاض کے تمام الزامات غلط ہیں، ارسلان افتخار
آج نیوز - ارسلان افتخار نے نیب میں تحریری بیان جمع کرا دیا۔ تحریری بیان جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ارسلان افتخار نے کہا کہ انہیں قانونی طریقے سے نوٹس نہیں دیا گیا،نیب پریس ریلیز کے ذریعے کسی کو نہیں بلا سکتا، انہیں ایک ہی نوٹس ملا ہے جس پر وہ بیان ریکارڈ کرانے حاضر ہو گئے ہیں۔ ارسلان نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے وہ مشروط طور پر پیش ہوئے ہیں ،چیئرمین نیب کی مرضی سے تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل جانبدار اور غلط ہے۔ ارسلان نے کہا کہ وہ نیب کو مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی حیثیت سے متعلق دوبارہ خط لکھ چکے ہیں جس میں نیب کی جانبداری سے متعلق وجوہات لکھی گئیں، تاہم جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے ملک ریاض سے تعلقات ہیں جس کے باعث وہ شفاف ٹرائل کی امید نہیں رکھتے۔ ارسلان افتخار نے کہا کہ ملک ریاض کے ان کے خلاف تمام الزامات غلط ہیں۔ ارسلان افتخار نے کہا کہ انہیں بنیادی اور قانونی حقوق حاصل ہیں اور انہوں نے کسی کو ہراساں نہیں کیا۔ ارسلان افتخار نے موٴقف اختیار کیا کہ پہلے ملک ریاض سے ثبوت و شواہد لیں اور ان سے مجھے بھی آگاہ کریں، میرے سوالات کا جواب نہ دیا گیا تو میں قانونی طریقہ اختیار کروں گا۔ نیب ترجمان کے مطابق ارسلان افتخار نے آج سپریم کورٹ میں پیش ہونا تھا اس لئے انہوں نے تفصیلی جواب ریکارڈ کرانے کیلئے کچھ وقت مانگا ہے اور دوبارہ پیش ہونے کا وعدہ کیا ہے۔