26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:11
لاہورہائیکورٹ :دوہری شہریت کیس ،معطل ارکان کا ریکارڈ طلب
آج نیوز - لاہور ہائی کورٹ نے دوہری شہریت کیس کی سماعت تین اگست تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے سپریم کورٹ کی جانب سے معطل کیے جانے والے اراکین اسمبلی کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطابندیال نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے دوہری شہریت رکھنے پر متعدد اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ ایم پی اے رانا آصف بھی کینیڈا کے شہری ہیں لہذا ان کی بھی رکنیت معطل کی جائے۔ لیگی رکن اسمبلی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رانا آصف کینیڈا کے شہری نہیں بلکہ نیشنل ہیں اس لئے ان پر آئین کی دوہری شہریت کی شق لاگو نہیں ہوتی۔ عدالت نے غلط بیانی پر رانا آصف کے وکیل کو سرزنش کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت میں جھوٹ بولنے پر ایم پی اے کی رکنیت معطل کر کے کارروائی کی جاسکتی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رکن پنجاب اسمبلی کو عہدے سے زیادہ ذاتی وقار کو اہمیت دینی چاہیے کیونکہ عہدہ تو چند روز میں ختم ہو جائے گا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت تین اگست تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو معطل ہونے والے اراکین کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔