21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:3
عوام کا سیلاب حکومت کو بہا کر لے جائے گا ، نواز شریف
اے آر وائی - مری : مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اپنی ترجیحات نہیں بدلیں تو مایوس عوام کا سیلاب اسے بہا کر لے جائے گا ، عوام کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کی جانب سے سنجیدہ کوشش نظر نہیں آ رہی جس سے عوام کی مایوسی غصے میں تبدیل ہو چکی ہے ۔
مری میں سابق ضلع ناظم فیصل آباد چوہدری زاہد نزیر ، چوہدری شیر لی اور ایم این اے چوہدری عاظم نزیر سے ملاقات کے دوران نوا ز شریف نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے پاکستانی کی معاشی ترقی رک چکی ہے ، بیروزگاری ، امن و امان کی صورتحال اور مہنگائی سمیت لاتعداد مسائل سے عوام کی مایوسی غصے میں تبدیل ہو چکی ہے تاہم دوسری جانب حکومت کی جانب سے ان مسائل کے حل کے لئے کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ۔
اس موقع پر سابق ضلع ناظم فیصل آباد چوہدری زاہد نزیر نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اصولوں پر مبنی سیاست اور قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔