تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:25

پاکستان میں امریکی جاسوسی نیٹ ورک ختم کیا جائے،شجاع پاشا

اے آر وائی - اسلام آباد : پاکستان نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں قائم پرائیویٹ امریکی جاسوسی نیٹ ورک کو فی الفور ختم کیا جائے ۔یہ مطالبہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلیپر سے ہونے والی اہم ملاقات میں کیا ہے ۔



ذرائع نے ہیڈ آف انوسٹی گیشن سیل آصف بشیر چوہدری کو بتایا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں آئی ایس آئی کے سربراہ نے واضح کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کے حوالے سے اعتماد کے رشتے کو بحال کرنے کیلئے امریکہ پہلے قدم کے طور پر پاکستان میں اپنے پرائیویٹ جاسوسی نیٹ ورک کو ختم کرے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں عشائیے پر دونوں سپائی ماسٹرز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلیپر پر واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان ڈرون حملوں سمیت دیگر معاملات پر قائم امریکی جاسوسی نیٹ ورکس کو تسلیم نہیں کرتا اور اگر انہیں بند نہ کیا گیا تو ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا جیمز کلیپر سے ہونے والی ملاقات انتہائی مختصر رہی جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی کے دورہ امریکہ کے فوراً بعد امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلیپر کے دورے کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ اس سے قبل امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے اہم ملاقات کی ہے اور بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو جاوید نور سے بھی ملاقات کی ۔



آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان وجہ تنازعہ بننے والے بعض اہم فوجی معاملات زیر بحث آئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جیمز کلیپر نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے نہ صرف امریکی موقف کو دہرایا بلکہ بعض نئے مطالبات بھی عسکری قیادت کے سامنے لائے ۔انہوں نے پاکستان میں امریکی انٹیلی جنس مراکز کی تعداد میں کمی ، امریکی انٹیلی جنس اہلکاروں کو ویزوں کے اجراء میں تاخیر ، امریکی اہلکاروں کی نقل وحرکت پر پابندیوں امریکی ٹرینرز کو واپس بھجوانے جیسے معاملات پر امریکی تشویش سے آگاہ کیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.