22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:9
کراچی کشیدگی ، صدر نے منظوروسان کو طلب کر لیا
اے آر وائی - کراچی : کراچی میں جمعہ کوتیرہ ہلاکتوں کے بعد صدر آصف علی زرداری نے صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کو بلاول ہاؤس طلب کر لیا جہاں منظور وسان شہر میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق صدر کو تفصیلی بریفنگ دیں گے ۔
کراچی کے علاقے ملیر اور لانڈھی میں جمعہ کی صبح دو گروپوں کے تصادم میں تیرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے ، دس افراد کی لاشیں جناح ، دو کی سندھ گورنمنٹ اسپتال ملیر اور ایک کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق ملیرمیں ہلاک ہونے والے آٹھ افراد کا تعلق ان کی جماعت سے ہے جن میں سے دو کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جبکہ باقی کی کل ادا کی جائے گی ۔
دوسری جانب مہاجر قومی موومنٹ کے ترجمان خالد نقشبندی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملیر میں ہلاک ہونے والے چار افراد ان کے کارکنان تھے جو نو سال کی بے دخلی کے بعد اپنے گھروں کو واپس آ رہے تھے جبکہ ماڈل کالونی میں ان کے دو گھر بھی نذر آتش کر دیئے گئے ہیں ۔
صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کے مطابق کشیدگی والے علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور حالات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں ۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں امن و امان کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے انہیں آگاہ کریں گے ۔