24 جولائی 2011
وقت اشاعت: 12:14
آزاد کشمیراسمبلی: پیپلز پارٹی 6 نشستوں پر کامیاب
اے آر وائی - مظفر آباد : آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آٹھ میں سے چھ مخصوص نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں۔ مسلم لیگ ن اور مسلم کانفرنس نے ایک، ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔
قانون ساز اسمبلی کی آٹھ مخصوص نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے پندرہ امیدوار مدمقابل تھے۔ پیپلز پارٹی نے خواتین کی مخصوص پانچ میں سے تین نشستیں جیت لیں۔ کامیاب امیدواروں میں صدف شیخ، شاہین ڈار اور شازیہ شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کی فوزیہ جاوید اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی مسلم کانفرنس کی امیدوار مہرالنسا نے ایک، ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر عابد حسین کامیاب قرار پائے۔ جبکہ علما و مشائخ کی مخصوص نشست پر پیر عتیق اور اوورسیز کی نشست پر واجد الرحمان نے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب کل آزاد کشمیر کے نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ بھی کل ہی ہوگا۔ قائد ایوان کے چناؤ کے لیے ووٹنگ چھبیس جولائی کو ہوگی۔