25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:30
مظفر آباد: نو منتخب اراکین اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے
اے آر وائی - مظفر آباد: آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کےنو منتخب اراکین اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے جس کےبعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ بھی ہوگا۔ پیپلز پارٹی نےغلام صادق کو اسپیکر اور شاہین ڈار کو ڈپٹی اسپیکر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ چھبیس جولائی کو ہوگی۔
مظفرآباد میں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کا اجلاس پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کی صدارت میں ہوا جس میں غلام صادق کو اسپیکر اور شاہین ڈار کو ڈپٹی اسپیکر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سے قبل قانون ساز اسمبلی کی آٹھ مخصوص نشستوں میں سے چھ پرپیپلزپارٹی نے جبکہ مسلم لیگ ن اور مسلم کانفرنس نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کرلی ۔
مخصوص نشستوں کیلئے انتالیس ارکان اسمبلی نے ووٹ کا حق استعمال کیا ۔خواتین کی پانچ میں سے تین نشستوں پر پیپلز پارٹی کی شازیہ اکبر،صدف شیخ اور شاہین ڈار کامیاب قرارپائیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی ڈاکٹر فوزیہ اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی مہرالنسا بھی مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئیں۔ ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے تین نشستیں حاصل کیں ۔ سردار عابد حسین، علماء مشائخ کے لیے پیرعتیق الرحمن اوور سیز کشمیریوں کی نشست پر واجد الرحمن کامیاب قرا ر پائے۔