25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:48
کراچی:فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت20 افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی: کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو بھائیوں سمیت بیس افراد ہلاک ہوگئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں حالات بدستور کشیدہ ہیں خاص طور پر ملیر، لانڈھی اور ملحقہ علاقوں میں کشیدگی زیادہ پائی جاتی ہے۔ ان علاقوں میں کاروبار تیسرے روز بھی بند ہے۔ رینجرز نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔
پولیس کے مطابق رنچھوڑ لائن کے علاقے رام سوامی چوک پر فائرنگ سے 35سالہ فیاض ہلاک ہوا ۔ کریم آباد میں حبیب میڈیکل سینٹر کے پاس فائرنگ سے تیس سالہ افضل، تیس سالہ اسرار اور پچیس سالہ خالد چل بسے۔ نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے قریب دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد کو ہلاک کردیا گیا۔ سرجانی ٹاؤن میں پچیس سالہ نوید جبکہ اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے۔
ادھرگلشن کالج کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، بلدیہ ٹاؤن، رنچھوڑ لائن، قائد آباد اورکلاکوٹ میں بھی مختلف واقعات میں چار افردا مارے گئے۔ دوسری طرف ملیر، لانڈھی، اورنگی ٹاؤن، رنچھوڑ لائن اور پرانی سبزی منڈی کے علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و حراس پایا جاتا ہے ۔