25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:19
بلاول بھٹو لیاری سے انتخاب لڑیں ، صدر زرداری
اے آر وائی - کراچی : صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں سال ستمبر میں پاکستان آئیں گے اور لیاری سے انتخاب لڑیں گے۔
صدارتی کیمپ آفیس بلاول ہاوس کراچی میں امن و امان اور لیاری کے ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لیاری کے نمائندوں نے صدر کو شکایت کی کہ لیاری کا ایم این اے علاقے سے غائب ہے، جس پر صدر نے کہا کہ لیاری کی عوام کا اگلا ایم این اے بلاول بھٹو زرداری ہوگا۔
صدر کو بتایا گیا کہ گذشتہ تین سالوں کو دوران دو ارب اسی کروڑ سے زائد کے ترقیاتی کام کئے گئے۔ صدر نے ہدایت کی کہ گذشتہ تین سالوں میں لیاری میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ اور رہائشی اسکیم فراہم کی جائے۔ صدر نے لیاری کے بیروزگار نوجوانوں میں پانچ سو رکشے فراہم کرنے کے ہدایت کی۔
صدر نے لیاری میں مزید پولیس اسٹیشن اور پولیس کی اضافی نفری فراہم کرنے، پیپلز پارٹی کی علاقائی تشکیل نو اور ہر پندرہ روز میں لیاری کے ترقیاتی کاموں پر اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کا لیاری سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ لیاری کی عوام کی خواہش پر کیا گیا۔