12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:34
سینٹ میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق پر قرارداد منظور
اے آر وائی - سینٹ میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے قرارداد منظور کرلی گئی جبکہ سندھ میں متاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی کے لیے ایوان بالا کی خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے
سینٹ کا اجلاس ڈپٹی چیرمین جان محمدجمالی کی صدارت میں منقعد ہوا۔ اے این پی کے سینیٹر زاہد خان نے بارہ ارکان کے دستخطوں پر مشتمل آزادی صحافت کے حوالے سے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر دباؤ ڈالنے والوں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے اور صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ ایم کیو ایم نے قراداد کی حمایت نہیں کی۔ بابر غوری کا کہنا ہے کہ ایک صحافی کو ملازمت کو نکالنے کی خبر درست نہیں اور کوئی قرارداد پیش نہ کی جائے۔
کراچی کی صورتحال پر بحث شروع نہ کرنے پر عبدالرحیم مندوخیل نے ایوا ن سے واک آؤٹ کیا۔ سندھ میں سیلاب کی صورتحال پر بحث کے دوران اراکین نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے فنڈز میں کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور امدادی کاموں کو موثر بنایا جائے۔ قائد ایوان نیر حسین بخاری نے ایوان کو بتایا کہ سندھ میں سیلاب سے اب تک دو سو نو افراد جاں بحق جبکہ پینتیس لاکھ بے گھر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کل متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔ اس موقع پراراکین سینٹ نے متاثرین سیلاب کے لیے اپنی تنخواہوں سے پچیس پچیس ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ سینٹ کا اجلاس بدھ کی شام چار بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔