تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:35

لوئر دیر: ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ،اے این پی کے رہنما جاں بحق

اے آر وائی - تیمرگرہ: لوئر دیر کی تحصیل میدان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنما اور ضلعی چیئرمین عشر و زکوٰة کمیٹی شیرخان شہید اور ان کے 4 ساتھی زخمی ہوگئے۔ منگل کو اے این پی کے ضلعی رہنما ضلعی ہیڈکوارٹرز تیمرگرہ سے تقریباً 25 کلومیٹر دور شمال میں اپنے گاؤں بانڈئی سے کمبڑ آ رہے تھے کہ مقامی دینی مدرسے کے قریب ان کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کے نتیجہ میں شیر خان شہید جبکہ ان کے چار ساتھی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں رفیع اللہ، پولیس گارڈ شاہد اور ڈرائیور نثار شامل ہیں۔



دھماکے کے بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لال قلعہ منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ ہے۔ شیر خان چند برس قبل ضلع مردان کے گاؤں ہاتھیان سے اپنے آبائی علاقے بانڈئی واپس آ گئے تھے اور ان کا شمار عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں کیا جاتا تھا وہ علاقے کی بااثر شخصیات میں شامل تھے ۔ واضح رہے کہ میدان میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کو عسکریت پسندوں سے محفوظ بنا دیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.