13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:11
میرا دہشتگردوں سے کوئی تعلق نہیں، رحمان ملک
اے آر وائی - وزیر داخلہ رحمن ملک نے سندھ کے سابق سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دہشتگردوں سے کوئی تعلق نہیں جب کہ کراچی میں بلا امتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کراچی حالات پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کو تیار ہوں۔ کراچی میں سیاسی جماعتوں میں ٹسل ہے جس کا فائدہ جرائم پیشہ گینگ اٹھا رہے ہیں۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ان کا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔ کراچی میں بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رینجرز کے آپریشن میں 590 افراد گرفتار ہوئے جن میں سے 68 ٹارگٹ کلرز تھے۔ پارلیمنٹ کو کراچی حالات پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کو تیار ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی غیر ملکی سفارت کار کو دوسرے شہر بغیر اجازت نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ اس کے علاوہ صحافیوں کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائےگا اور اس حوالے سے وزارت داخلہ میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ ولی بابر کے قتل میں ملوث چار افراد زیرحراست میں ہیں۔