14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:54
حنا ربانی کھر سے برطانوی تجارتی وفد کی ملاقات
اے آر وائی - برطانوی تجارتی وفد نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو ہزار پندرہ تک تجارتی حجم دو ارب پچاس کروڑ پاونڈ سالانہ تک لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں برطانوی تجارتی وفد کی قیادت سر تھامس ہیری نے کی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ دہشت گردی اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے برطانوی اور دیگر دوست ممالک ترجیحی تجارتی مراعات دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست مغربی ممالک سے ایڈ کے بجائے ٹریڈ کا خواہشمند ہے۔
اس موقع پر بین الاقوامی فلاحی تنظیم آکسفیم کی کنٹری ڈائریکٹر نیوا خان نے بتایا کہ ان کی تنظیم سندھ میں سیلاب سے متاثرہ آٹھ لاکھ پچاس ہزار افراد کو پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ متاثرین سیلاب کو خوراک کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔