14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:21
شہباز تاثیر کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ڈی آئی جی ملک عامر
اے آر وائی - ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ملک علی عامر نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر اور امریکی باشندے وارن وائن سٹائن کے اغوا کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، بظاہر شہباز تاثیر کو تاوان کے لئے اغوا کیا گیا ہے تاہم تمام باتیں میڈیا کے سامنے نہیں لا سکتے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی سی آئی اے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ اغواءکاروں نے شہباز تاثیر کے گھر والوں سے کوئی رابطہ کیا ہے یا نہیں ہمیں معلوم نہیں تاہم شواہد یہی کہتے ہیں کہ یہ اغواءتاوان کے لئے کیا گیا ہےاور امریکی باشندے اور شہباز تاثیر کے کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے سی سی پی او لاہور کے بیان کی تردید کی کہ نادرا سے فنگر پرنٹس رپورٹ آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے پولیس نے ڈکیتی قتل، پولیس مقابلے، اور پولیس کی وردی اور برقعہ پہن کر وارداتیں کرنے والے 3گینگز کے 47ارکان کو گرفتار کرکے 32لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرلیا، ملزمان نے دوران تفتیش ایک کانسٹبل سمیت دو تاجروں کو قتل کرنے کا انکشاف بھی کیا ۔ ملزمان نے دو سو کے قریب وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔
اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ تھانہ اقبال ٹاؤن نے پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے شخص کی ہلاکت پر انہوں نے آئی جی پنجاب پولیس کو فون کیا اور نہ ہی ایس ایس پی آپریشن سے کوئی جھگڑا ہوا۔ لاہور پولیس سی سی پی او کی سربراہی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑ رہی ہے۔