29 اپریل 2014
وقت اشاعت: 18:33
مستونگ میں پولیس مقابلہ،6اہلکار شہید،ایک ڈاکو مارا گیا
جیو نیوز - مستونگ…مستونگ میں ڈاکووٴں سے فائرنگ کے تبادلے میں چھ سیکیورٹی اہل کارجاں بحق، ڈی ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت دس زخمی ہوگئے۔ پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا ایک گرفتار کرلیا گیا۔کمشنر قلات کے مطابق مستونگ کے ایک بینک میں 4 ڈاکو داخل ہوئے تو وہاں تعینات پو لیس اہلکار نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔ ڈاکووں نے اس پر فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں اہلکار موقع پرہی جاں بحق ہوگیا جبکہ بینک میں موجود 2 شہری زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ڈاکو بینک لوٹے بغیر فرار ہو ر ہے تھے کہ پولیس اور انتظامیہ نے انھیں گھیر لیا، اس دوران دوطرفہ فائرنگ میں لیویز اور پولیس کے چھ اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، ایک کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 2 ڈاکو فرار ہوگئے۔