29 اپریل 2014
وقت اشاعت: 21:31
حکومت جنگجووٴں کی شام منتقلی کی وضاحت کرے،حامدموسوی
جیو نیوز - اسلام آباد… تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حکمراں مذاکرات کے ثمرات سے قوم کو آگاہ کریں ،ہم مذاکرات کے حامی رہے ہیں لیکن ارباب اقتدار مذاکرات کی آڑ میں ہزاروں جنگجووٴں کی شام منتقلی کی وضاحت کریں بارہا مطالبہ کرچکے ہیں کہ دوسرے ممالک کے تنا زعات میں نہ الجھا جائے پاکستان کو افغان جنگ میں جھونکنے کا خمیازہ قوم آج بھی بھگت رہی ہے ، فوج کو نیچا دکھانے کیلئے حکمرانوں کو’ ترکی ماڈل‘ پر عمل کرنے کی تجاویز دینے والے نادان دوست’ مصر ماڈل‘ سے ڈریں پاکستان کی سرخروئی حکیم الامت علامہ اقبال کے بتائے ہوئے ’مدینہ و نجف ماڈل ‘پر عمل کرنے میں مضمر ہے ،بھارت میں مودی پاکستان وکشمیریوں کیلئے موذی ثابت ہو سکتاہے بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کے دیوانے ہوش کے ناخن لیں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی سٹیٹس ختم کرنا مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کیلئے دفن کردینے کے مترادف ہو گا ،افواج پاکستان کی پشت مضبوط کرنا ہر ادارے اور فردکی ذمہ داری ہے ،افواج کو کبھی دہشت گردوں کبھی عدلیہ اورکبھی میڈیا کے سامنے لا کھڑا کرنا عساکر پاکستان کو کمزور کرنے کی عالمی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ نفاذ فقہ جعفریہ کا مطالبہ مکتب تشیع کے پیروکاروں کیلئے ہے اپنا عقیدہ کسی دوسرے پر مسلط نہیں کرنا چاہتے کسی دوسرے کو بھی اس کی اجازت نہیں دیں گے،شیعہ سنی لڑائی پیدا کرکے عالم اسلام کو کمزور کرنااستعماری قوتوں امریکہ اور یہودوہنود کا ایجنڈا ہے جوبھی شیعہ سنی برادران میں تفریق ڈالے وہ استعمار کا ایجنٹ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کور کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جن استعماری قوتوں کے مفادات کیلئے پاکستان کے دروازے ساری دنیا کے جنگجووٴں کیلئے کھولے گئے آج وہی قوتیں پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہیں دنیا بھر میں جاری دہشت گردی کے تمام بیج امریکہ اور یہود وہنود کی لیبارٹریوں میں تیار ہوئے ہیں یہ امر تشویشناک ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کو دوسروں کی جنگ میں دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے۔اجلاس کے دوران جعفریہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ کرنل (ر) سخاوت کاظمی نے بھی اپنی رپورٹ پیش کی۔