6 مئی 2014
وقت اشاعت: 13:29
قومی اسمبلی: سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے ،یو ٹیوب کے حق میں قرارداد یں منظور
جیو نیوز - اسلام آباد…قومی اسمبلی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی قرارداد بیگم طاہرہ بخاری نے ایوان میں پیش کی ۔پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضال نے ایوان کو بتایا کہ حکومت تنخواہوں میں اضافہ کرنے پر غور کرے گی،سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی کنٹرول میں ہے۔قومی اسمبلی نے یوٹیوب پر عائد پابندی ختم کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کہتی ہیں کہ حکومت یوٹیوب سے پابندی ختم کرنے کے حق میں ہے۔ملک میں یو ٹیوب پر پابندی ہٹانے کی قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے پیش کی۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ تمام مسلم ممالک نے یو ٹیوب پر پابندی ختم کر دی ہے ، پاکستان میں پراکسی کے ذریعے یوٹیوب تک رسائی حاصل کی جاتی ہے اب منافقت چھوڑنا ہو گی۔وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ یوٹیوب پر پابندی پیپلزپارٹی کے دور میں لگی تھی۔ سائرہ افضل نے ایوان کو بتایا کہ عدالت نے یو ٹیوب کھولنے سے متعلق فیصلہ نہیں سنایا، ہر کوئی بال دوسرے کی کورٹ میں پھینکنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کریں۔