6 مئی 2014
وقت اشاعت: 14:50
پاکستان میں عدلیہ آزاد ،میڈیا متحرک اور سول سوسائٹی فعال ہے ،وزیراعظم
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں۔عدلیہ آزاد، میڈیا اور سول سوسائٹی متحرک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستانی سفیر دنیا کے سامنے مثبت چہرہ پیش کریں۔ دفتر خارجہ میں سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بہت مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ آج یہاں جمہوریت مستحکم ہورہی ہے ، عدلیہ آزاد اور میڈیا متحرک ہے۔ سفیروں کی ذمہ داری ہے کہ دنیا میں اس پیغام کو عام کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت اور افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ کشمیر سمیت اہم مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتے ہیں۔عوام کی ترقی کیلیے محاذ آرائی کے بجائے تعاون کی پالیسی اپنانا ہوگی۔ مشرق وسطیٰ میں تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے۔عرب ملکوں سے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں لیکن کسی ایک ملک سے تعلقات کی قیمت پر دوسرے سے تعلقات قائم نہیں ہوں گے۔ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ حکومت نے امن کیلیے پرخلوص کوشش کررہی ہے امید ہے کہ اس کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوگا۔