13 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:59
عمران خان کی احتجاجی سیاست جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے:ارکان پارلیمنٹ
جیو نیوز - اسلام آباد…ارکان پارلیمنٹ نے عمران خان کی احتجاجی سیاست کو جمہوریت کے لئے نقصان دہ قرار دیاہے،پارلیمنٹ کی راہداریوں میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر کا کہناتھا کہ عمران خان ماضی سے سبق سیکھیں،سیاسی معاملات کو مت الجھائیں، دھرنوں اور احتجاج کا فائدہ آپ نہیں اٹھا سکتے ،یہ کسی اور کو ہوگا،ماضی میں جھانکیں،آپ ان کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں جو استعمال کرکے پھر دوبارہ نہیں پوچھتے، ایسے حالات نہیں کہ مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ کیاجائے،قومی معاملات پارلیمنٹ میں لائیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ حکومت نے عوام کے مسائل حل نہ کئے تو مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ کردیں گے، مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ غیر آئینی نہیں ۔اعجازالحق کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال سے پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ میں کارکردگی صفر رہی ہے۔یوسف تالپور نے کہا کہ عمران خان کو سوچنا چاہئے کہ موجودہ سخت حالات میں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے گریز کریں۔آفتاب شیرپاوٴکا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کو ایک سال بعد دوبارہ ورغلا رہے ہیں،اگر 11مئی کو دھاندلی ہوئی تو عمران خان نے خیبرپختون خواہ کی حکومت کیوں سنبھالی، عمران خان کی احتجاجی سیاست سے عوام اور سیاستدانوں میں بداعتمادی پیدا ہورہی ہے،پی ٹی آئی کی جارحانہ سیاست سے جمہوریت کو خطرہ ہوسکتاہے۔