21 جون 2014
وقت اشاعت: 23:14
آپریشن ضربِ عضب کا ساتواں دن،30 دہشتگرد ہلاک، 5 ٹھکانے تباہ
جیو نیوز - اسلام آباد .....شمالی وزیر ستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج نے مزید 30دہشت گرد ہلاک اور ان کے5 ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں ۔ پاک فوج نے ضرب عضب کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کے لیے ایک دن کی تنخواہ اور 30 دن کا راشن وقف کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہےکہ قبائلی عمائدین نےمکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے ساتویں روز پاک فوج نے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں 30 دہشت گرد مار ڈالے۔ دہشت گردوں کے خلاف پہلی کارروائی جیٹ طیاروں سے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 2بجے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر کی گئی جس میں 10دہشت گرد ہلاک اور ان کے2ٹھکانےتباہ کردیےگئے۔ دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے حسوخیل میں کی گئی جہاں 15دہشت گرد ہلاک اور ان کے 3 ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسران نے اپنی ایک دن کی تنخواہ آئی ڈی پیز کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ ایک ماہ کے لیے راشن بھی عطیہ کرے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ، میرعلی اور دتہ خیل کے قبائلی عمائدین نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کو کبھی واپس آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق شمالی وزیر ستان کے خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ نقل مکانی کرنے والے مقامی افراد کی رجسٹریشن کے لیے نادرا کا کمپیوٹرائزڈ ۔ویری فکیشن سسٹم لگایا گیا ہے تاکہ کوئی دہشت گرد فرار نہ ہوسکے، اس سسٹم سے متعدد جعلی شناختی کارڈ بھی پکڑے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جون سے جاری آپریشن ضرب عضب میں اب تک 262دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے مواصلاتی سینٹرز سمیت درجنوں ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔ آپریشن میں اب تک 8 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ7زخمی ہوئے ہیں۔