21 جون 2014
وقت اشاعت: 23:44
آئی ڈی پیز کو 7 ہزار روپے ماہانہ مالی امداد دی جائے گی:عبدالقادر بلوچ
جیو نیوز - اسلام آباد........وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن سے 3 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی ہے جن کےلیے 4 کیمپ لگائے گئے ہیں، آئی ڈی پیز کو 7 ہزار روپے ماہانہ مالی امداد بھی دی جائے گی۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ آئی ڈی پیز کےلیے بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور لکی مروت میں کیمپ لگا ئے گئے ہیں، آئی ڈی پیز کو کرائے کی مد میں 3 ہزار روپے فی خاندان دیے گئے ہیں، برتنوں کی خریداری کےلیے بھی 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے 2 ہزار گاڑیوں کا بندوبست کیا گیا ہے جب کہ انہیں آج سے نقد رقوم کی ادائیگی بھی شروع کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صرف 30 سے 40 خاندانوں نے افغانستان نقل مکانی کی ہے۔