20 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 23:35
سو عمران اورشاہ محمود مل کر بھی جاوید ہاشمی نہیں بن سکتے،سعد رفیق
جیو نیوز - ملتان......وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ سو عمران خان اور سو شاہ محمود قریشی بھی مل جائیں تو ایک جاوید ہاشمی نہیں بن سکتے، جمہوریت کو توانا کرنے کےلئے جاوید ہاشمی کی ضرورت ہے جو نفع نقصان کی پروا کیے بغیر صرف ضمیر کی آواز سنتے ہیں ۔ماضی کے دوست، ماضی قریب کے سیاسی مخالف اور حال کے ایک دوسرے کے حلیف،آج ملتان میں مل بیٹھے،وزیر ریلوے سعد رفیق اولیا کے شہر پہنچے تو جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ کا بھی رخ کیا،مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی تو خواجہ صاحب نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ملتان آئوں اور جاوید ہاشمی سے نہ ملوں۔ ہاشمی صاحب سے میرا تعلق سیاسی نہیں ہے میں نے سیاست جاوید ہاشمی سے سیکھی ہے۔ این ۔ اے 149 کے ضمنی انتخاب میں لوٹوں اور ووٹوں کا مقابلہ تھا انتخابی معرکہ گنتی کے حوالے سے ہارے لیکن اصولوں کی جنگ عمران خان نے ہاری۔جاوید ہاشمی نے بھی پریس کانفرنس میں کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے تنہا سفر کیا، لڑائی ہار گیا لیکن جمہوریت کی جنگ میں نے جیتی، ضمنی انتخاب میڈیا وار کے دوران ہوا ۔ملتان آرٹس کونسل میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ سعد نے کہا کہ دھرنے کی سیاست پاکستان کو پیچھے لے جا رہی ہے، مخالفین حکومت کے بجائے ریاست پر حملہ آور ہو گئے ہیں ۔ حکومتیں جلسہ نہیں کام کرتیں ہیں، سیاست فاسٹ بائولر کا کام نہیں حوصلے اور تدبر کی سیاست عمران خان کے بس کی بات نہیں ہے ۔ عمران خان کی سیاست دفن ہو گئی،وفاقی وزیر ریلوے نے ملتان سے لاہور موسیٰ پاک ٹرین کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ ماہانہ 45 ہزار مسافر سستی سفری سہولیات سے مستفید ہوں گے ۔