3 جنوری 2015
وقت اشاعت: 9:16
پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں 50 جوڑوں کی اجتماعی شادی
جیو نیوز - کراچی.......پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں 50 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب ہوئی۔جس میں معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی سمیت نامور شخصیات نے شرکت کی۔ وسیع گراونڈ میں ہندو برادری کے 50 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام پاکستان ہندو کونسل نے کیا تھا۔ تقریب میں دولہا، دلہن اور ان کے رشتہ داروں نے ہی نہیں بلکہ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی نے کہا کہ وہ تقریب میں شرکت کر کے بہت خوش ہیں ۔ عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ انسانیت سب سے پہلے ہے۔ ہمیں رنگ نسل اور مذہب کا امتیا ز کیےبغیر ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔اجتماعی شادی کی تقریب میں کہیں شرکا زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑوں کو مبارک باد دے رہے تھے۔ تو کہیں خوشی میں رقص کیا جا رہا تھا۔تقریب کےشرکا کاکہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے اجتماعی شادیاں اچھی کاوش ہے۔تقریب میں شریک دولہا دلہن کی خوشی تو دیدنی تھی۔ ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ کئی سال سے جاری اجتماعی شادیوں کے سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب میں خوشیوں کے رنگ بکھرتے رہے اور شرکا شادی شدہ جوڑوں کو کامیاب زندگی کی دعائیں دیتے رہے۔