17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 12:43
پنجاب میں جسٹس رمدے اور افتخار چودھری نے نواز لیگ کو جتوایا، عمران
جیو نیوز - اسلام آباد........ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کو جتوانے میں جسٹس رمدے اور افتخار چودھری کا ہاتھ تھا۔ بنی گالا میں عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران سابق ایم این اے ریاض فتیانہ اور سعید ورک نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ریاض فتیانہ کے حلقے میں بھی دھاندلی ہوئی۔ اپنی پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران افسوس ناک واقعہ پیش آیا مگر تجاوزات کے خلاف آپریشن ضروری ہے جو کہ صرف خیبر پختونخوا میں ہی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کا مرحلہ ختم، کل ہماراکنونشن ہے،لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پریس کانفرس کے دوران عمران خان نے کہا کہ فارم 14 اور 15 پہلے غائب تھے اب مل گئے، یہ کہاں سے ملے ؟ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے (ن)لیگ جوڈیشل کمیشن بنائے، کسی کو چھینک بھی آتی تھی تو دھرنے پرالزام عائد کیا جاتا تھا، کہا گیا کہ معاشی حالات دھرنے کی وجہ سے خراب ہوئے، میرے خلاف اسپیکرنے ایک سال سے زائد عرصے سے حکم امتناعی لیا ہوا ہے، جب تک تحقیقات نہیں ہوگی ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس او ڈیفالٹ کرگیا ہے، ہماری آج میٹنگ تھی، مگررہنما پٹرول کی قلت کی وجہ سے نہیں پہنچ پائے، پٹرول کی قیمتیں ہمارے دباؤ کی وجہ سے کم ہوئیں، دھرنا ہوتا تو بجلی اور پٹرول سستا ہوتا، پہلے سی این جی اسٹیشن پر گیس نہیں ملتی تھی، اب پٹرول بھی نہیں ملتا، بہترشخص کو پی ایس اوکا سربراہ بنایا جاتا، 40فیصد بجلی پٹرول سے بن رہی ہے، اس کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جارہا ہے؟ عمران خان نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اوآئی سی کے رہنما کچھ نہیں بولے، یہ انکی کوتاہی ہے، سلمان رشدی ہولوکاسٹ پربات کرے اورپھرمیڈل حاصل کرکے دکھائے، مسلمانوں کی دل آزاری کرنا ہی آزادی رائے کیوں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومتی نظام بیٹھا ہوا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ فوج لڑرہی ہے، حکومت کیا کررہی ہے؟ تجربہ کارحکومت سے لوگوں نے امیدیں لگائی تھیں، جوڈیشل کمیشن کا فیصلے آنے کے بعد پارلیمنٹ میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کرینگے۔