17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 21:51
مجھے خیبرپختونخوا میں پروٹوکول نہ دیا جائے، عمران کا وزیر اعلیٰ کو خط
جیو نیوز - اسلام آباد .....پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے وی آئی پی کلچر ختم کرنے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایات جاری کردیں ، ان کا کہنا تھا کہ وی آئی کلچر کا خاتمہ اپنی ذات سے کرنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے نام خط میں عمران خان نے گزشتہ روز دورہ پشاور کے دوران وی وی آئی پی پروٹوکول دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وی آئی پی کلچر تحریک انصاف کے سیاسی فلسفے کے منافی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ جب وہ صوبے کے دورے پر آئیں تو وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء ائرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے نہ آئیں۔ وہ خود ان کے دفتر آکر ان سے ملاقات کرینگے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کے قافلے کی شکل میں استقبال ٹیکس دینے والے عوام کی امانت میں خیانت کے مترادف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے کے لئے پہلے خود کو بدلنا ہوگا۔