تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 23:12

پنجاب میں 6دن سے پٹرول غائب،عوام پریشان

جیو نیوز - اسلام آباد ....... پنجاب کے کئی شہریوں میں پٹرول کو غائب ہوئے 6دن ہوگئے ہیں،جس کے باعث عوام پریشان ہیں ،وزیراعظم نوازشریف نے پٹرول کی بحرانی صورتحال پر سیکرٹری پٹرولیم اور ایم ڈی پی ایس او سمیت 4 افسران کو معطل کردیا۔پنجاب کے کئی شہروں سے پٹرول غائب ہے، چوہدری نثار نے حکومتی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کی ذمہ دار حکومت ہے، پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے۔ وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کوتاہی ثابت ہوجائےتوآج ہی جانےکوتیارہوں، مسائل کوحل کرنےکی کوشش کررہےہیں۔ادھر وزیراعظم نوازشریف نے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر پٹرول کی قلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لاہور ائر پورٹ پر ہی ہنگامی اجلاس بلایااور وفاقی سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید سمیت 4 اعلیٰ افسران کومعطل کردیا۔ تاہم وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی کے خلاف موجودہ بحران پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وصوبائی حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پٹرول کی قلت کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا حکم دیا جب کہ پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو پٹرول کی بلیک میں فروخت کا پتہ لگا کر فوری ایکشن لینے کی ہدایت بھی کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے متعلق نہ تو کوئی بات کی اور نہ ان کے خلاف کسی کارروائی کا عندیہ دیا ،، البتہ وفاقی سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید، ایڈیشنل سیکریٹری نعیم ملک ، ڈی جی آئل محمد اعظم اور پی ایس او کے ایم ڈی امجد جنجوعہ کو فوری معطل کردیا۔ وزیراعظم نے موجودہ بحرانی صورت حال میں پٹرول کی اضافی سپلائی کے لیے وزارت خزانہ کوواجبات کی ادائیگی فوری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ ذرائع کے مطابق اس وقت حکومت سمیت مختلف اداروں کے ذمہ پی ایس او کے 180 ارب روپے واجب الادا ہیں ۔ چند روز قبل ایم ڈی پی ایس او نے وزارت خزانہ کو ایک خط کے ذریعے پٹرول کی سپلائی جاری رکھنے کے لیے 50 ارب روپے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ بھی کیاتھا تاہم وزارت خزانہ کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیاگیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.